پیپلز ٹرین کا افتتاح وفاقی وزیر ریلوے، گورنر بلوچستان اور وزیراعلی بلوچستان کریں گے
پیپلز ٹرین سے شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور کم خرچ سفری سہولت، کوئٹہ میں ٹریفک کا دبا بھی کم ہوگا
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں شہریوں کو جدید، محفوظ اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے سریاب ریلوے اسٹیشن سے کچلاک تک چلنے والی پیپلز ٹرین کے منصوبے پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق منصوبے کے لیے تیار کی گئی نئی کوچز مکمل ہو چکی ہیں اور آئندہ تین سے چار روز کے دوران کوئٹہ پہنچ جائیں گی، جس کے بعد آزمائشی مراحل مکمل کرکے سروس کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پیپلز ٹرین کا افتتاح وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، گورنر بلوچستان میر جعفر خان مندوخیل اور وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی مشترکہ طور پر کریں گے۔
افتتاحی تقریب میں پاکستان ریلوے کے اعلی حکام، صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی، سول و عسکری حکام، تاجر برادری، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت بھی متوقع ہے۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے کا مقصد کوئٹہ شہر اور مضافاتی علاقوں کے درمیان سفری سہولیات کو بہتر بنانا، ٹریفک کے دبا میں کمی لانا اور روزانہ سفر کرنے والے ملازمین، طلبہ، مزدوروں اور عام مسافروں کو محفوظ، آرام دہ اور کم خرچ سفری متبادل فراہم کرنا ہے۔
حکام کے مطابق سریاب ریلوے اسٹیشن سے کچلاک تک ریلوے ٹریک، اسٹیشنوں اور دیگر بنیادی سہولیات کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔ نئی کوچز میں آرام دہ نشستیں، بہتر روشنی، مناسب ہوا کی نکاسی، حفاظتی انتظامات اور دیگر جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ کوچز کی کوئٹہ آمد کے بعد ان کا مکمل تکنیکی معائنہ، ریلوے ٹریک، سگنلنگ سسٹم اور آپریشنل ٹیسٹ کیے جائیں گے تاکہ سروس کے آغاز سے قبل تمام حفاظتی تقاضے مکمل کیے جا سکیں۔
پاکستان ریلوے کے انجینئرز اور تکنیکی ماہرین اس سلسلے میں ضروری اقدامات مکمل کر رہے ہیں۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ پیپلز ٹرین کی سروس شروع ہونے سے نہ صرف شہریوں کو معیاری سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے دبا میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
اس منصوبے سے خصوصا سریاب، کچلاک اور درمیانی علاقوں سے روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں افراد مستفید ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق افتتاحی تقریب کی تیاریاں بھی حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں، جبکہ سیکیورٹی، استقبالی انتظامات اور دیگر انتظامی امور کو بھی مکمل کیا جا رہا ہے۔
تقریب کے دوران بلوچستان میں ریلوے نیٹ ورک کی بہتری اور مستقبل میں اس سروس کو مزید علاقوں تک توسیع دینے کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
عوامی حلقوں نے پیپلز ٹرین کے منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے شہریوں کو ایک محفوظ، آرام دہ، قابلِ اعتماد اور سستا سفری ذریعہ میسر آئے گا۔
