کوئٹہ(جہان امروز نیوز)عوامی شکایات پر ضلعی انتظامیہ اور فوڈ اتھارٹی نے مشترکہ کارروائیاں تیز کرتے ہوئے پرنس روڈ اور شاہو شاہ روڈ پر مختلف ہوٹلوں کے خلاف سخت ایکشن لیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد امیر حمزہ، اسپیشل مجسٹریٹ اعجاز حسین کھوسہ اور فوڈ اتھارٹی کے سیفٹی آفیسران نے ہوٹلوں کا تفصیلی معائنہ کیا جہاں صفائی کی ناقص صورتحال اور غیر معیاری اشیا کی فروخت پر 3 بڑے ہوٹلوں کو موقع پر سیل کر دیا گیا۔
اس مہم کے دوران متعدد ہوٹلوں کو قواعد کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور انہیں آئندہ کے لیے سخت وارننگ بھی جاری کی گئی۔
ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ شہریوں کی صحت کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پورے شہر میں ایسے اقدامات بلا امتیاز جاری رہیں گے۔
