کوئٹہ(جہان امروز نیوز)سینئر صحافی سید اقبال احمد ہاشمی انتقال کر گئے انہیں کراچی کے مقامی قبرستان میں آہوں اور سسکیو ں میں سپرد خاک کردیا گیا۔
نماز جنازہ میں صحافیوں، دوست احباب ، رشتہ داروں سمیت ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سید اقبال احمد ہاشمی مرحوم نے سوگواران میں بیوہ اور دو بیٹیوں کو چھوڑاہے۔سید اقبال احمد ہاشمی کا رمضان المبارک کے مقدس مہینے میںچاند رات کو روڈ ایکسیڈنٹ میں شیدید زخمی ہو گئے تھے اور ڈاو اسپتال کراچی میں زیر علاج تھے ۔
سینئر صحافی سید اقبال احمد ہاشمی پی پی اے نیوز ایجنسی ، وائس آف ایشیا نیوز ایجنسی ، حریت، تکبیر میگزین ، ماہنامہ ورلڈ ان فوکس ، ماہنامہ رابطہ انٹر نیشنل سمیت دیگر اخبارا ت کے ساتھ بطور رپورٹر منسلک رہے جبکہ وہ کراچی ، لاہور ، اسلام آباد ، مظفر آباد ، کوئٹہ کے کئی اخبارات کیلئے کالم بھی لکھتے تھے۔
سینئر صحافی سید اقبال احمد ہاشمی کے انتقال پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن، پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ سیدفیروز شاہ ،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹں (پی ایف یو جے)کے سابق صدر شہزادہ ذوالفقار ، سابق سینئر نائب صدر (پی ایف یو جے)محمد نواز طاہر، ہفت روزہ تکبیر میگزین کے ایڈیٹر یعقوب غزنوی ،آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائیز کنفیڈریشن(ایپنک)پنجاب کے سابق چیئرمین محمد قیصر چوہان ،پاکستان سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے صدر محمد اقبال ہارپر ،سجاس کے سابق صدر طارق اسلم ،سینئر سپورٹس صحافی و کمنٹیٹر ریاض الدین ،کراچی یونین آف جرنلسٹ کے سابق صدر و سیکرٹری سید واجد رضا اصفہانی ،سینئر صحافی حافظ محمد صالح ، آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائیز کنفیڈریشن کے سابق ممبر این ای سی افضل بلوچ ،مصنف ڈاکٹر عرفان شاہ ، گوادر کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور گوادر کرکٹ اکیڈمی کے بانی صدرحاجی حنیف حسین اورصحافی و سماجی خدمتگار حسن شبیر میو نے سینئر صحافی سید اقبال احمد ہاشمی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سینئر صحافی سید اقبال احمد ہاشمی مرحوم بہترین صحافی اور کالم نگار ہونے کے علاوہ علم و ادب سے محبت رکھنے والے ایک نفیس انسان تھے، سید اقبال احمد ہاشمی نے تمام عمر قلم کو معاشرے میں اچھائی پھیلانے اور مثبت روایت کو فروغ دینے کیلئے استعمال کیا۔ہم سب دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی سید اقبال احمد ہاشمی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان بالخصوص مرحوم کی بیوہ اور بیٹیوں کو یہ صدمہ حوصلے اور صبر برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
