مکہ مکرمہ(جہان امروز نیوز)ڈائریکٹر جنرل حج جدہ عبدالوہاب سومرو نے کہا ہے کہ سعودی وزارت صحت کے قوانین اور طے شدہ معیار کے تحت ایک لاکھ 19ہزار پاکستانی عازمین کو صحت کی مکمل سہولیات فراہم کرنے کیلئے مکہ اور مدینہ میں مرحلہ وار 35جدید کلینکس قائم کیے جا رہے ہیں اس سلسلے میں پاکستان حج مشن آفس کے قریب العزیزیہ میں گنجائش کی کمی کو دور کرتے ہوئے نئے اور وسیع مرکزی کلینک کو فعال کر دیا گیا ہے تاکہ عازمین کو ایک ہی چھت تلے تمام طبی شعبہ جات میسر آ سکیں۔
اس مربوط نظام کے تحت ہر کلینک کے ساتھ 3سے 4ایمبولینسز ہمہ وقت الرٹ رکھی گئی ہیں، جبکہ جرمن ہسپتال کے تکنیکی اہلکار اور سپروائزرز کی تعیناتی کے ذریعے علاج کے معیار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق یقینی بنایا گیا ہے۔ وہ نئے قائم ہونے والے پاکستان حج میڈیکل مشن کے مرکزی کلینک کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔
ڈی جی حج نے کلینک کے مردانہ و زنانہ او پی ڈی، فارمیسی، ڈینٹل یونٹ، الٹرا سانڈ، ایکسرے اور فزیو تھراپی سمیت تمام شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور زیرِ علاج عازمین سے براہِ راست فراہم کردہ سہولیات بارے استفسار کیا، جس پر عازمین نے مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
میڈیکل حکام نے، جن کی قیادت کرنل ڈاکٹر توقیر، لیفٹیننٹ کرنل حمزہ منصور اور لیفٹیننٹ کرنل جواد اسلم کر رہے تھے، ڈائریکٹر جنرل حج کو بریفنگ دی کہ اب تک 21کلینکس قائم ہو چکے ہیں جہاں پر اب تک عازمین کو او پی ڈی میں معائنے کے بعد 8ہزار سے زائد اقسام کی ادویات مفت فراہم کی جا چکی ہیں۔
میڈیکل حکام نے بتایا کہ لیبارٹری میں مجموعی طور پر 28ٹیسٹوں کی جدید سہولت موجود ہے جن میں سی بی سی سے خون کی کمی یا انفیکشن، بلڈ گلوکوز سے شوگر، اور یوریا و کریٹینائن سے گردوں کی بیماریوں کی تشخیص کی جاتی ہے۔
جگر اور یرقان کے لیے اے ایل ٹی اور بلیروبن، جبکہ جوڑوں کے درد کے لیے یورک ایسڈ کا ٹیسٹ موجود ہے۔
دل کی تکلیف کی صورت میں ٹروپونن آئی اور سی کے ایم بی جیسے ٹیسٹ فوری تشخیص میں مدد دیتے ہیں۔
اس کے علاوہ ٹائیفائیڈ، ڈینگی، ہیپاٹائٹس اور کورونا کی سکریننگ سمیت پیشاب (یورین)اور پاخانے (سٹول)کے ٹیسٹ کی سہولت بھی ایک ہی چھت تلے میسر ہے۔
ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ مناسک حج کی ادائیگی کے بعد واپسی پر بھی تمام کلینکس میں جان بچانے والی اور دیگر ضروری ادویات کا وافر ذخیرہ موجود ہونا چاہیے تاکہ تھکن یا بیماری کی صورت میں عازمین کو ان کی رہائش گاہوں کے قریب ہی بہترین علاج مل سکے۔
اس موقع پر چیف کوآرڈینیٹر ڈاکٹر مرزا علی محسود، آفس برائے امور حج کے محمد عارف اسلم راؤاور ڈپٹی ڈائریکٹر مکہ عزیز اللہ اور سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی ڈی جی حج کے ہمراہ موجود تھے۔
