گلگت(جہان امرو ز نیوز)گلگت بلتستان الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان (تمغ شجاعت)کی منظوری سے گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کیلئے مقررہ تاریخ 7 جون 2026کو ہر صورت صاف، شفاف اور منصفانہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے گلگت بلتستان کے 7جون 2026کا انتخابی عمل کی بروقت تکمیل کیلئے اہم انتظامی و قانونی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی تنازعات کے فوری اور موثر حل کیلئے الیکشن اپیلیٹ ٹربیونل قائم کر دیا ہے جو ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کر رہا ہے اس کے ساتھ ہی گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوایس)، ریٹرننگ افسران (آراوایس)اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران (اے آراوایس)کی تقرریاں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ یہ افسران پولنگ اسکیموں کی تیاری میں مصروف ہیں۔

کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر کی منظوری سے تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کیلئے انتخابی تیاریوں کی مد میں باقاعدہ فنڈز بھی جاری کر دئیے ہیں۔

یہ فنڈز انتخابی سامان کی فراہمی، پولنگ اسٹیشنز کے قیام، عملے کی تربیت، لاجسٹک سپورٹ اور دیگر انتظامی اخراجات پر خرچ کیے جائیں گے تاکہ انتخابی عمل کو منظم اور موثر بنایا جا سکے۔

مزید برآں، الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام بلتستان ڈویژن میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران، اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران، میڈیا نمائندگان اور مانیٹرنگ افسران کیلئے تربیتی سیشن کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے جبکہ گلگت، دیامر اور استور ڈویژنز کے افسران اور میڈیا نمائندگان کیلئے تربیتی سیشن 4 مئی سے گلگت جوڈیشل اکیڈمی میں منعقد ہوگا جس کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے تمام متعلقہ افسران کو انتخابی مواد بھی فراہم کر دیا ہے تاکہ پولنگ کے دن کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام انتظامات بروقت مکمل کرتے ہوئے شفافیت، غیر جانبداری اور قانونی تقاضوں کو ہر صورت یقینی بنائیں۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان (تمغہ شجاعت)نے کہاکہ گلگت بلتستان کے انتخابات مقررہ تاریخ 7جون 2026کو ہونگے اور گلگت بلتستان میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد اس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ ووٹرز کو ایک پرامن اور منصفانہ ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *