اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے “اپنا گھر اسکیم” کا باقاعدہ افتتاح کر دیا اور اسکیم کی خود نگرانی کرنے کا اعلان بھی کیا۔جمعرات کو وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنا گھر اسکیم کے اجراء کی تقریب میں شرکت کی اور اسکیم کا باقاعدہ آغاز کیا۔
اسکیم کے تحت ایک کروڑ روپے تک کا قرض آسان شرائط پر دستیاب ہوگا۔ اس اسکیم کا اطلاق چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر پر ہوگا۔ وزیر اعظم نے بینکوں کو قانون کے مطابق قرض جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے غفلت برتنے پر وارننگ بھی دی۔
وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسکیم کے تحت پہلا ہدف 50 ہزار گھروں کی تعمیر کے لیے قرض دینا ہے، جسے آئندہ 4 برسوں میں 5 لاکھ گھروں تک لے جایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو بینک اس میں حصہ نہیں ڈالیں گے وہ خیر کی توقع نہ رکھیں، اسکیم کا ہر مہینے خود جائزہ لیا جائے گا۔ اس اسکیم کے تحت 10 مرلے تک کی زمین پر گھر بنایا جا سکے گا اور ایک کروڑ روپے تک کا قرض میسر ہوگا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے خطاب میں مزید کہا کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد اپنے گھر سے محروم ہے، عوام کو چھت کی فراہمی ایک مقدس فریضہ ہے، میں گھر کے لیے قرض حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیر اعظم نے واضح کیا کہ عام آدمی کو چھت کی فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ یہ اسکیم چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے بھی ہے۔ اس منصوبے کے لیے 321 ارب روپے کی فنانسنگ مختص کی گئی ہے، جبکہ اسکیم کا مجموعی حجم 3.2 کھرب روپے ہے۔
