کوئٹہ(سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان بھر میں “معرکہ حق” کا دن قومی جوش و جذبے اور تہوار کے طور پر منایا گیا جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی اور اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا وجود خطے میں امن، استحکام اور ترقی کی علامت ہے اور ملک کی سالمیت، خودمختاری اور دفاع پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں اپنے ایک بیان میں میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر کی گئی ناجائز جارحیت اور اشتعال انگیزی کے بعد پاک فوج نے جس جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو فوری اور مثر جواب دیا، وہ پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔

انہوں نے پاک فوج کو دشمن کی ناپاک جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہاتھوں میں ہے وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ “معرکہ حق” سے جڑی حالیہ پیش رفت محض ایک علامتی کامیابی نہیں بلکہ ایک تاریخی موڑ ہے، جس نے پاکستان کی عسکری طاقت، سیاسی بصیرت اور قومی یکجہتی کو دنیا کے سامنے نمایاں کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کامیابی نے نہ صرف دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے بلکہ پوری قوم کے حوصلے اور اعتماد کو بھی نئی قوت بخشی ہے میر ضیا اللہ لانگو نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں، بروقت فیصلوں اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی قیادت نے مشکل وقت میں جس بصیرت، عزم اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا، وہ قابل تحسین ہے۔

ان کے مطابق قومی سلامتی اور دفاع کے معاملات پر پوری قیادت ایک پیج پر ہے، جو پاکستان کی مضبوطی کی علامت ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام سمیت پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر مشکل گھڑی میں ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے متحد ہے۔ بلوچستان کے عوام وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کے جذبے سے سرشار ہیں اور کسی بھی بیرونی جارحیت یا سازش کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے

صوبائی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو ہمیشہ خطے میں امن، خوشحالی اور بہتر تعلقات کا خواہاں رہا ہے، تاہم اگر کسی نے ملکی سلامتی، خودمختاری یا سرحدوں کی خلاف ورزی کی کوشش کی تو پوری قوم متحد ہو کر اس کا جواب دے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت مضبوط، مستحکم اور ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *