کوئٹہ(کرائم رپورٹر )ڈسٹرکٹ چاغی کے سٹی تھانے پر دہشتگردوں کے حملے اور علاقے میں قائم کیے گئے غیر قانونی ناکوں کے خلاف رخشان رینج پولیس نے فوری اور انتہائی کامیاب جوابی کارروائی کرتے ہوئے امن و امان بحال کر دیا ہے۔

گزشتہ موصولہ اطلاعات کے تسلسل میں بتایا گیا ہے کہ دہشتگردوں نے سٹی تھانہ چاغی کی حدود میں تین مختلف مقامات پر غیر قانونی ناکے قائم کر کے پوزیشنیں سنبھال لی تھیں، جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ کی گئی۔

ایس ایس پی چاغی کی براہِ راست کمانڈ میں پولیس فورس نے دہشتگردوں کے خلاف ایک منظم اور انتہائی مثر کانٹر آپریشن شروع کیا۔ پولیس کی جانب سے کی جانے والی اس جرات مندانہ اور بروقت تادیبی کارروائی کے نتیجے میں دہشتگردوں کو شدید ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا اور وہ موقع سے فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔

پولیس نے کارروائی کے دوران دہشتگردوں کی جانب سے قائم کردہ تمام 3 غیر قانونی ناکوں کو کامیابی سے کلیئر کرا لیا ہے، جبکہ سٹی تھانے پر حملہ کرنے والے شرپسند بھی پولیس کی سخت مزاحمت کے باعث پسپا ہو کر بھاگ نکلے۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کے مطابق اس وقت چاغی شہر کی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے، تاہم فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری یا ان کے خاتمے تک پورے علاقے میں سخت چیکنگ اور بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *