تہران (انٹرنیشنل نیوز)ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کی مذاکراتی تجویز کے جواب میں کوئی ٹھوس رعایت نہیں دی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق واشنگٹن نے پانچ نکات پر مشتمل ایک فہرست پیش کی ہے، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایران صرف ایک جوہری تنصیب کو فعال رکھے اور اپنے افزودہ یورینیم کا ذخیرہ امریکا کے حوالے کرے۔
مہر نیوز ایجنسی نے کہا کہ امریکا بغیر کسی عملی رعایت کے وہی اہداف حاصل کرنا چاہتا ہے جو وہ جنگ کے دوران حاصل نہ کر سکا، جس سے مذاکرات تعطل کا شکار ہو سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکا نے اپنے جواب میں نے ایران سے 400 کلوگرام افزودہ یورینیم امریکا منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور جنگی نقصانات کے ازالے سے بھی انکار کر دیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکی شرائط میں ایران کی صرف ایک جوہری تنصیب کو فعال رکھنے، ایران کے منجمد اثاثوں کا 25 فیصد بھی جاری نہ کرنے اور جنگ بندی کو مذاکرات سے مشروط کرنے جیسے نکات شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اگر ایران ان شرائط کو تسلیم بھی کر لے تو بھی امریکا اور اسرائیل کی جانب سے جارحیت کا خطرہ برقرار رہے گا۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے کسی بھی مذاکرات کو پانچ شرائط سے مشروط کر رکھا ہے، جن میں تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ، ایران مخالف پابندیوں کا خاتمہ، منجمد اثاثوں کی بحالی، جنگی نقصانات کا ازالہ اور آبنائے ہرمز پر ایران کیحق کا اعتراف شامل ہیں۔
