حب: ڈپٹی کمشنر حب نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ضلع بھر میں بارڈر ٹریڈ (ایرانی) پٹرول کی زیادہ سے زیادہ قیمت 250 روپے فی لیٹر مقرر کر دی ہے، جبکہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ بھی دے دیا۔
ڈپٹی کمشنر حب کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ایرانی پٹرول کی اجازت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے مقصد سے دی گئی ہے، لہٰذا کسی بھی صورت میں منافع خور عناصر یا کارٹلز کو شہریوں کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ فیلڈ میں مؤثر نگرانی یقینی بنائیں اور مقررہ نرخوں پر مکمل عملدرآمد کروائیں۔
انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق تمام پٹرول ایجنسیوں اور ڈیلرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر 250 روپے فی لیٹر کی سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں، مقررہ نرخ پر فروخت یقینی بنائیں اور کسی بھی قسم کی گراں فروشی یا ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں۔
ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ پٹرول پمپ یا ایجنسی کو فوری سیل کر دیا جائے گا، جبکہ تمام پٹرولیم مصنوعات بحقِ سرکار ضبط کر لی جائیں گی۔
