اسلام آباد(اے ایف بی )قومی اسمبلی نے پاک چین تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر متفقہ قرارداد منظور کرلی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس کے دوران چینی وفد کی مہمانوں کی گیلری میں آمد پر ارکان نے ڈیسک بجاکر وفد کا استقبال کیا، اسپیکر کی جانب سے چینی وفد کو خوش آمدید کہا گیا۔ خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کی جانب سے چینی وفد کا پر جوش استقبال کیا گیا، انہوں نے مہمانوں کی گیلری میں جاکر چینی وفد کے شرکا سے مصافحہ کیا۔
ایوان نے پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی، قرارداد وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پیش کی جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان پاک چین تعلقات کے پچہتر سال مکمل ہونے پر مبارک باد پیش کرتا ہے، ایوان چینی وفد کو خوش آمدید کہتا ہے اور سی پیک پر پاک چین کوششوں کو سراہتا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان اعلان کرتا ہے کہ دنیا اگلے پچہتر سال میں پاک چین دوستی کو مزید مضبوط دیکھے گی۔اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ہمارے اور حکومت کے درمیان شدید اختلافات ہیں جنہیں بالائے طاق رکھ کر ہم یہاں آئے ہیں، چینی وفد کی آمد پر بائیکاٹ ختم کیا، ہم چینی وفد کو قومی اسمبلی آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان چین کے احسانات کبھی نہیں بولے گا۔چینی وفد کے اعزاز میں استقبالی ایجنڈا مکمل ہوتے ہی اپوزیشن ایوان سے واک آئوٹ کرگئی چینی وفد کے احترام میں اپوزیشن نے نعرے بازی سے بھی گریز کیا۔ چینی وفد پورے ایوان کی طرف سے ملنے والی تکریم پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔
