کوئٹہ(کرائم رپورٹر )کوپاکستان نیوی اور ایکسائز اینٹی نارکوٹکس بلوچستان نے گڈانی کے علاقے میں ایک مشترکہ اور انتہائی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بین الاقوامی اسمگلنگ کی بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے عالمی مارکیٹ میں اربوں روپے مالیت کی منشیات اور غیر ملکی شراب برآمد کر لی ہے۔
یہ تاریخی کارروائی وزیراعظم، آرمی چیف اور وزیراعلی بلوچستان کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئی، جسے محکمہ ایکسائز اینٹی نارکوٹکس کی تاریخ کی سب سے بڑی ضبطی قرار دیا جا رہا ہے۔
آپریشن کے دوران سمندری راستے سے اسمگل کی جانے والی 31 ارب روپے مالیت کی منشیات ضبط کی گئیں، جس میں 425 کلوگرام آئس (میتھ ایمفیٹامائن) اور 20 کلوگرام چرس شامل ہے۔
اس کے علاوہ 35 کروڑ روپے مالیت کی 5,076 غیر ملکی شراب کی بوتلیں اور بیئر کین بھی قبضے میں لے کر برآمد شدہ تمام سامان قانونی کارروائی کے لیے ایکسائز ساتھ زون کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی ایکسائز اینٹی نارکوٹکس محمد زمان نے اس کارروائی کو ایک عظیم کامیابی قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران بھی 25 ارب روپے مالیت کی منشیات ضبط کی جا چکی ہیں۔
دوسری جانب، بلوچستان کو “پاپی فری” (پوست سے پاک) رکھنے کے لیے حکومتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
صوبے بھر میں پوست کی کاشت کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈان جاری ہے، جس کے تحت دکی، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ میں پوست کی تیار فصلیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہیں، جبکہ چمن، لورالائی، قلات اور مستونگ میں بھی سینکڑوں ایکڑ رقبے پر پھیلی کاشت کے خلاف سخت کارروائیاں کی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق زمینی اور سمندری سرحدوں پر اسمگلنگ کی روک تھام اور منشیات کے اس ناسور کے جڑ سے خاتمے کے لیے پاکستان نیوی اور ایکسائز اینٹی نارکوٹکس کی مثر نگرانی جاری ہے اور آنے والے دنوں میں بلوچستان بھر میں اینٹی نارکوٹکس آپریشنز کو مزید تیز اور سخت کیا جائے گا۔
