کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)حکومتِ بلوچستان نے صوبے بھر میں سیکیورٹی خدشات اور حساس تنصیبات کے تحفظ کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ایئرپورٹس، ایئر بیسز اور دیگر حساس مقامات کے قریب کبوتر پالنے اور اڑانے، ڈرون چلانے، لیزر لائٹس کے استعمال اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں، گوشت و کھالیں غیر مناسب مقامات پر پھینکنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ پابندیاں عوامی سلامتی، فضائی سیکیورٹی اور حساس تنصیبات کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے لگائی گئی ہیں۔
حکومت کا مقف ہے کہ ایئرپورٹس کے اطراف کبوتر اڑانے سے فضائی آپریشنز اور پروازیں متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے جبکہ لیزر لائٹس پائلٹس کی توجہ ہٹانے اور فضائی حادثات کا سبب بن سکتی ہیں۔
اس کے علاوہ تخریبی مقاصد یا حساس مقامات کی غیر قانونی نگرانی کے لیے ڈرونز کے ممکنہ استعمال کو روکنے کے لیے بھی یہ فیصلہ کیا گیا
ے۔ محکمہ داخلہ نے مزید واضح کیا کہ عیدالاضحی کے موقع پر آلائشیں اور کھالیں کھلے عام پھینکنے سے ماحولیاتی آلودگی اور سیکیورٹی مسائل جنم لیتے ہیں
لہذا شہری انہیں مقررہ مقامات پر تلف کریں۔ نوٹیفکیشن کے تحت قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
