پشین کے تھانہ یارو پولیس نے بروقت، مثر اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے اغوا ہونے والے ایک بچے کو بحفاظت بازیاب کرا لیا، جبکہ کارروائی کے دوران اغوا کار فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ اور تفتیشی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔تفصیلات کے مطابق پشین کے علاقے یارو سے نامعلوم افراد ایک کمسن بچے کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ یارو کے ایس ایچ او نصیب اللہ خان بادیزئی نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری طور پر کارروائی کا آغاز کیا اور جدید حکمت عملی کے تحت مختلف مقامات پر ناکہ بندی اور تلاش کا سلسلہ شروع کیا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سملی کے علاقے میں کامیاب آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں اغوا ہونے والے بچے کو بحفاظت بازیاب کر لیا گیا۔

تاہم پولیس کی آمد کی اطلاع ملتے ہی اغوا کار موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں اور انہیں جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

بازیاب ہونے والے بچے کو تمام قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اس کے والد کے حوالے کر دیا گیا، جس پر اہل خانہ نے پولیس کی فوری اور مثر کارروائی کو سراہتے ہوئے ایس ایچ او نصیب اللہ خان بادیزئی اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

علاقہ مکینوں اور مختلف سماجی حلقوں نے بھی تھانہ یارو پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بروقت ردعمل اور جرائم کے خلاف مثر اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کامیاب کارروائیاں عوام کے پولیس پر اعتماد کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

عوام نے اعلی پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ اس کامیاب کارروائی میں شامل پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور فرار ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ آئندہ ایسے جرائم کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *