مستونگ(کرائم رپورٹر) مستونگ کے علاقے سورگز کے مقام پر مسلح افراد نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر مبینہ طور پر ناکہ بندی کرکے علیزئی قبائل کے سربراہ سردار شاہ زمان خان علیزئی کو ان کے بیٹے سمیت مبینہ طور پر اغوا کرلیا۔ذرائع کے مطابق واقعہ گزشتہ روز تقریبا 4 بجے پیش آیا، جب سردار شاہ زمان علیزئی اپنے بیٹے کے ہمراہ مستونگ سے کوئٹہ جا رہے تھے۔
سورگز کے مقام پر مسلح افراد نے مبینہ طور پر شاہراہ پر ناکہ بندی کی اور سردار شاہ زمان علیزئی، ان کے بیٹے اور ویگو گاڑی کو اپنے ہمراہ لے گئے۔خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سے سردار شاہ زمان علیزئی اور ان کے بیٹے کے موبائل فون بند ہیں، جبکہ گزشتہ روز سے ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا۔ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد اہلخانہ اور قبائلی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے، تاہم واقعے کی مزید تفصیلات اور مبینہ اغوا کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔