کوئٹہ(کرائم رپورٹر) کوئٹہ اور کولپور کسٹمز نے اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے گزشتہ ایک ماہ کے دوران تقریبا 12 کروڑ روپے مالیت کی آئس (کرسٹل میتھ)برآمد کرلی۔ کسٹمز حکام کے مطابق مختلف کارروائیوں میں منشیات کے علاوہ کروڑوں روپے مالیت کا غیر ملکی اسمگل شدہ سامان بھی قبضے میں لیا گیا، جبکہ اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری ہے کسٹمز ذرائع کے مطابق بلوچستان میں اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اہم شاہراہوں، داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات پر نگرانی کا عمل مزید سخت کیا گیا ہے۔
کوئٹہ اور کولپور کسٹمز کے افسران و اہلکار مشکوک گاڑیوں، مسافر بسوں اور دیگر ذرائع نقل و حمل کی چیکنگ کے دوران غیر قانونی طور پر منتقل کیے جانے والے سامان اور منشیات کی روک تھام کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں حکام کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران کی جانے والی کارروائیوں میں بھاری مقدار میں آئس برآمد ہونا اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ منشیات اسمگل کرنے والے عناصر کے خلاف کسٹمز نے مثر کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
برآمد کی جانے والی آئس کی مجموعی مالیت تقریبا 12 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ منشیات کو قبضے میں لینے کے بعد متعلقہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے مزید تحقیقات کا عمل بھی جاری ہے تاکہ اس کے نیٹ ورک اور اس میں ملوث دیگر افراد تک پہنچا جا سکے کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان جغرافیائی اعتبار سے ایک اہم خطہ ہے جہاں مختلف سمتوں سے تجارتی اور سفری سرگرمیاں جاری رہتی ہیں، اسی وجہ سے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کسٹمز فورس کو مسلسل چوکس رہنا پڑتا ہے۔
حکام کے مطابق بعض عناصر غیر قانونی طور پر غیر ملکی سامان، منشیات اور دیگر ممنوعہ اشیا ملک کے مختلف حصوں تک پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم مثر نگرانی اور چیکنگ کے باعث ایسی کوششوں کو ناکام بنایا جا رہا ہے یو این اے کے مطابق آئس سمیت مختلف اقسام کی منشیات کی اسمگلنگ نوجوان نسل اور معاشرے کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے، جس کے پیش نظر کسٹمز حکام نے منشیات کی ترسیل روکنے کو اپنی ترجیحات میں شامل کر رکھا ہے۔
کارروائیوں کے دوران مشکوک گاڑیوں اور سامان کی تلاشی کے علاوہ متعلقہ ریکارڈ کی بھی جانچ پڑتال کی جاتی ہے تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو قانون کے شکنجے میں لایا جا سکے کسٹمز حکام کے مطابق اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کے دوران اہلکاروں کو مختلف نوعیت کے خطرات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم اس کے باوجود افسران اور اہلکار اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
حکام نے کہا ہے کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے، غیر قانونی تجارت کو فروغ دینے اور منشیات کی ترسیل میں ملوث عناصر کو کسی صورت کھلی چھوٹ نہیں دی جائے گی حکام کا کہنا ہے کہ کسٹمز کی مسلسل کارروائیوں کے نتیجے میں غیر ملکی اسمگل شدہ سامان کی ترسیل میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔
مختلف کارروائیوں میں برآمد ہونے والے سامان کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ اسمگلنگ کے طریقہ کار اور اس میں ملوث ممکنہ نیٹ ورک کے حوالے سے بھی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں یو این اے کے مطابق کسٹمز فورس کی جانب سے چیکنگ کا عمل آئندہ بھی مزید مثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اسمگلنگ کے راستوں کو محدود کیا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ منشیات اور غیر قانونی سامان کی ترسیل کی روک تھام کے لیے دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری بھی جاری ہے کسٹمز حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بلوچستان میں اسمگلنگ کے مکمل سدباب تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی شخص کو غیر قانونی سرگرمیوں کے ذریعے ملکی قوانین کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حکام کے مطابق آئس کی حالیہ بڑی برآمد سمیت دیگر کارروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ کسٹمز فورس اسمگلنگ کے خلاف بھرپور انداز میں متحرک ہے کسٹمز حکام نے مزید کہا کہ عوام بھی منشیات اور اسمگلنگ کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا غیر قانونی ترسیل کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ معاشرے کو منشیات اور اسمگلنگ کے ناسور سے محفوظ بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید موثر بنایا جا سکے۔