کوئٹہ(جہان امروز نیوز)معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی نے سوشل میڈیا پر زیر گردش انٹرنیٹ بندش کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ صوبے میں انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

اپنے ایک بیان میں بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ عوام سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر ہرگز یقین نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ بعض عناصر کی جانب سے غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں جس سے شہریوں میں بلاجواز تشویش پیدا ہو رہی ہے۔

معاون برائے داخلہ نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان حالات پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی قسم کی انٹرنیٹ بندش کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام تک درست اور بروقت معلومات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

بابر یوسفزئی نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت مستقبل میں بھی عوام کو مستند ذرائع سے آگاہ کرتی رہے گی اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف تصدیق شدہ معلومات پر ہی انحصار کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *