کوئٹہ(کورٹ رپورٹر )بلوچستان ہائی کورٹ نے بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی (بی ڈی اے)کے چیئرمین جاوید احمد خان کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔
چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس جناب ہاشم خان کاکڑ، جسٹس جناب کامران ملاخیل اور جسٹس جناب نجم الدین مینگل پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین بی ڈی اے کی تعیناتی کو غیر قانونی قرار دیا۔
عدالت نے جاوید احمد خان کو حکم دیا کہ وہ 24 گھنٹے کے اندر دفتر خالی کریں اور تمام سرکاری مراعات فوری طور پر واپس کریں۔
عدالت عالیہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ایسی غیر قانونی تعیناتیاں کسی صورت قابلِ قبول نہیں، جبکہ مذکورہ چیئرمین کے خلاف نیب میں انکوائریاں بھی زیر التوا ہیں۔
عدالت نے حکومتِ بلوچستان کو ہدایت جاری کی ہے کہ قانون کے مطابق شفاف طریقے سے نئے چیئرمین کی تعیناتی عمل میں لائی جائے۔
اس فیصلے کے بعد صوبائی انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی ہے اور حکومت نے عدالتی احکامات کی روشنی میں نئے چیئرمین کی تقرری کے لیے قانونی چارہ جوئی شروع کر دی ہے۔
