گوادر (نمائندہ خصوصی)گوادر پورٹ پر بین الاقوامی بحری سرگرمیوں میں تیزی، پاناما فلیگ بردار جہاز MV KAI XUAN لنگر انداز،چین سے سعودی عرب جانے والا 29 ہزار ٹن سے زائد کارگو بردار جہاز گوادر پہنچ گیا

، حکومت کی بندرگاہ کو عالمی تجارتی مرکز بنانے کی کوششیں تیز، تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چودھری کی قیادت میں گوادر پورٹ پر بین الاقوامی بحری و تجارتی سرگرمیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے

، جہاں پاناما فلیگ بردار کارگو جہاز MV KAI XUAN گوادر پورٹ پر لنگر انداز ہوگیا۔

جہاز 29 ہزار 832 میٹرک ٹن مشینری، آلات اور اسٹیل پر مشتمل کارگو لے کر پہنچا ہے جبکہ جہاز کی لمبائی 189.8 میٹر بتائی گئی ہے۔

مذکورہ کارگو چین سے سعودی عرب کے شہر دمام کے لیے روانہ کیا گیا تھا جبکہ جہاز گوادر پہنچنے سے قبل فجیرہ بندرگاہ سے آیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چودھری نے کہا کہ حکومت گوادر پورٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے، سرمایہ کاری کے فروغ اور بین الاقوامی شپنگ کمپنیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ سی پیک اور علاقائی تجارت کے لیے ایک اہم مرکز بنتا جا رہا ہے، جس سے ملکی معیشت کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔

چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے کہا کہ گوادر پورٹ پر بڑے بین الاقوامی جہازوں کی آمد اس امر کی عکاس ہے کہ بندرگاہ پر تجارتی سرگرمیوں کا دائرہ مسلسل وسیع ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کی جغرافیائی اہمیت اور جدید سہولیات مستقبل میں اسے خطے کی ایک مؤثر ٹرانزٹ و تجارتی بندرگاہ بنائیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *