شہریوں کا کیسکو کے خلاف شدید احتجاج، 10 گھنٹے بجلی بند رہنے سے معمولات زندگی متاثر
کوئٹہ (سٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں عیدالاضحی قریب آتے ہی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ ہوگیا، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کیسکو کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں روزانہ 9 سے 10 گھنٹے تک بجلی بند کی جارہی ہے جس پر عوام میں سخت بے چینی اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
شہریوں کے مطابق عید کی خریداری، گھریلو تیاریوں اور شدید گرمی کے موسم میں طویل لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں جوائن روڈ، ریلوے ہاسنگ سوسائٹی، سریاب روڈ، شرقی روڈ، زرغون روڈ، جان محمد روڈ، کنواری روڈ، کاسی روڈ، کرنسی روڈ، بلوچی اسٹریٹ اور دیگر کئی علاقے شامل ہیں جہاں کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش کے باعث پانی کی فراہمی بھی شدید متاثر ہو رہی ہے جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی ماند پڑ گئی ہیں۔
تاجروں کے مطابق عیدالاضحی سے قبل بازاروں میں رش بڑھنے کے باوجود بجلی کی طویل بندش کے باعث کاروبار متاثر ہو رہا ہے اور دکاندار شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
خواتین کا کہنا ہے کہ عید کی تیاریوں، سلائی کڑھائی، کھانے پینے کی اشیا کی تیاری اور بچوں کی ضروریات پوری کرنے میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔
دوسری جانب طلبا نے بھی شکایت کی ہے کہ بجلی نہ ہونے سے امتحانات کی تیاری متاثر ہو رہی ہے۔
شہری حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ کیسکو کی جانب سے نہ تو باقاعدہ شیڈول جاری کیا جا رہا ہے اور نہ ہی لوڈشیڈنگ کے دورانیے سے متعلق عوام کو آگاہ کیا جا رہا ہے، جس کے باعث لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
کئی علاقوں میں رات گئے بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہتی ہے شہریوں، سماجی تنظیموں اور تاجر برادری نے وفاقی حکومت اور کیسکو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر لوڈشیڈنگ میں فوری کمی کی جائے اور کم از کم شہری علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام عید کی تیاری سکون کے ساتھ مکمل کرسکیں
دوسری جانب کیسکو ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی طلب میں اضافے، تکنیکی مسائل اور بعض فیڈرز پر نقصانات کے باعث لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھایا گیا ہے، تاہم صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں
کوئٹہ میں عیدالاضحی سے قبل بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ نے جہاں عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے وہیں درزی برادری، چھریاں تیز کرنے والے کاریگر اور چھوٹے کاروباری طبقے بھی شدید متاثر ہونے لگے ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں روزانہ 9 سے 10 گھنٹے بجلی کی بندش کے باعث کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں درزیوں کا کہنا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر انہوں نے شہریوں سے کپڑوں کی بڑی تعداد میں بکنگ لے رکھی ہے، تاہم مسلسل لوڈشیڈنگ کے باعث سلائی کا کام بروقت مکمل کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید سلائی مشینیں بجلی کے بغیر نہیں چل سکتیں جبکہ بار بار بجلی جانے سے کام کا تسلسل بھی متاثر ہوتا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں قائم درزی شاپس مالکان نے بتایا کہ عید کے دن قریب آنے کے ساتھ گاہکوں کا دبا بڑھ رہا ہے لیکن بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کے باعث دن بھر میں صرف چند گھنٹے ہی کام ہو پاتا ہے۔
بعض درزیوں نے کہا کہ انہیں رات گئے تک جنریٹرز پر کام کرنا پڑ رہا ہے جس سے اخراجات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے اسی طرح قربانی کے جانوروں کیلئے چھریاں، کلہاڑیاں اور دیگر آلات تیز کرنے والے دکاندار بھی بجلی کی بندش سے شدید متاثر ہیں۔
کاریگروں کا کہنا ہے کہ بجلی نہ ہونے کے باعث گرائنڈنگ مشینیں بند رہتی ہیں جس سے کام رک جاتا ہے اور شہریوں کو بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں چھریاں تیز کرنے والے ایک دکاندار نے بتایا کہ عیدالاضحی سے قبل ان کے پاس کام کا بہت زیادہ رش ہوتا ہے لیکن کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہنے کے باعث وہ گاہکوں کو بروقت سامان فراہم نہیں کر پا رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو عید کے قریب شدید رش اور بدنظمی پیدا ہونے کا خدشہ ہے تاجر تنظیموں اور شہری حلقوں نے حکومت اور کیسکو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عیدالاضحی کے پیش نظر خصوصی ریلیف دیا جائے اور کم از کم کاروباری مراکز میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے تاکہ کاروباری طبقہ اپنے معاملات بہتر انداز میں چلا سکے
