ہنر مند پاکستانیوں کیلئے سعودی عرب میں روزگارکا بڑا گیٹ وے کھل گیا ،سربراہ سعودی وفد
راولپنڈی۔۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان افرادی قوت کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور بیرونِ ملک روزگار کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت کے طور پر گزشتہ روز تاریخی سہ فریقی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط کیے گئے جس کے تحت سعودی عرب میں ہنر مند پاکستانی افرادی قوت کوبھاری معاوضوں کے عوض ملازمتوں کے ہزاروں مواقع فراہم کیے جائیں گے،معاہدے سے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ اورپاکستانی معیشت کو استحکام کیلئے مضبوط بنیادیں فراہم ہونگی جبکہ ملک سے غربت اور بے روزگاری میں نمایاں کمی کے ساتھ ساتھ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کی نئی جہت ملے گی،اس معاہدے پر فوجی فائونڈیشن پاکستان، شالان اینڈ جی ایل اور سعودی عرب کی معروف آپریٹنگ کمپنی برائے ہنگر اسٹیشن کے درمیان دستخط کیے گئے،مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے ایچ ایم گروپ کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی۔
فوجی فائونڈیشن پاکستان کی جانب سے میجر جنرل (ر)احسان محمود، شالان اینڈ جی ایل کی طرف سے خالد نواز سدھرائچ جبکہ آپریٹنگ کمپنی برائے ہنگر اسٹیشن کی جانب سے سعودی وفد کے سربراہ نازیح النوری نے مفاہمتی یاداشت پردستخط کئے ۔اس موقع پر دیگر حکام کے علاوہ کرنل عارف بھی موجود تھے۔معاہدے کے تحت تینوں ادارے مشترکہ طور پر ہزاروں اہل اور تربیت یافتہ پاکستانی ڈرائیوروں کی سعودی عرب میں بھرتی کے عمل کو سہولت فراہم کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شا لان ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد نواز سدھرائچ نے معاہدے کو ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ہنر مندافرادی قوت کو دیگر ممالک کی لیبر پر ترجیح دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ سعودی عرب اورپاکستان کے درمیان اخوت و بھائی چارے کے احساسات اورجذبات کو نیا جنم ملا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری نہ صرف ہزاروں پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرے گی بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اقتصادی اور افرادی قوت کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ انٹر نیشنل لیبر آرگنائزیشن کی جانب سے شالان اینڈ جی ایل کی شفافیت پراسے ملنے والے سر ٹیفکیٹ کے بعد سعودی عرب کی بڑی نجی کمپنی کا اعتماد بھی ہمارے لئے بڑا اعزاز ہے ،ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان سے غربت اوربے روزگاری کے خاتمے کے ساتھ ساتھ ملک کوقیمتی زرمبادلہ فراہم کرنے کیلئے اس شراکت داری کا حصہ بنے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شراکت دار ادارے قریبی تعاون سے میرٹ پر ہنرمند افرادی قوت کو بھرتی کریں گے،شالان این جی ایل ابتدائی جانچ پڑتال، دستاویزی کارروائی، ویزا پراسیسنگ، روانگی سے قبل انتظامات اور سعودی عرب میں تعیناتی تک تمام مراحل کو فول پروف بنائے گا تاکہ تمام درخواست گزاروں کے لیے ایک شفاف، منظم اور آسان عمل کو یقینی بنایا جا سکے .
اس موقع پر سعودی وفد کے اراکین نے پاکستانی شراکت دار اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، انتظامی استعداد اور بھرتی کے اعلی معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون سعودی عرب میں ہنرمند ڈیلیوری ڈرائیوروں کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو مثر انداز میں پورا کرے گا اور مملکت کے تیزی سے ترقی کرتے لاجسٹکس اور ڈیلیوری کے شعبے کو معیاری انسانی وسائل فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔شراکت دار اداروں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ موجودہ معاہدے کو بنیاد بنا کر مستقبل میں دیگر شعبوں تک تعاون کو وسعت دی جائے گی، بیرونِ ملک روزگار کے مزید مواقع تلاش کیے جائیں گے اور طویل المدتی اسٹریٹجک شراکت داریاں قائم کی جائیں گی، جن کے ذریعے پاکستانی کارکنوں کے لیے روزگار کے پائیدار مواقع پیدا ہوں گے اور پاکستان و سعودی عرب دونوں کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی استحکام میں مزید اضافہ ہوگا۔
