اسلام آباد (جہان امروز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا ثقافتی ورثہ کثیر جہتی تہذیب و تمدن سے مزین ہے،ہمارا بیش قیمت ثقافتی ورثہ ہمارا قومی تشخص ہے اور معاشرتی ہم آہنگی کا مظہر ہے۔
عالمی یوم ثقافتی ورثہ 18 اپریل 2026 پر اپنے پیغام میں شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان اور دنیا بھر میں ایسے افراد کو دلی طور پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو مشترکہ ثقافتی ورثے جیسی قیمتی اثاثے کے تحفظ کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوںنے کہاکہ عالمی سطح پر ثقافتی ورثہ کیلئے دن مختص کرنا اسکی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، ثقافتی ورثہ سماجی تنوع اور اسکے ماضی کا امین ہے حال کی عکاسی کرتا ہے اور مستقبل کا ضامن ہے۔
وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان کا ثقافتی ورثہ کثیر جہتی تہذیب و تمدن سے مزین ہے، سرزمین پاک دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں کے رنگ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے، ہمارا ورثہ انسانی تخلیقی صلاحیت اور تنوع کی خوبصورت مثال ہے۔
انہوںنے کہاکہ ہمارا بیش قیمت ثقافتی ورثہ ہمارا قومی تشخص ہے اور معاشرتی ہم آہنگی کا مظہر ہے۔ انہوںنے کہاکہ ثقافتی قصے کہانیاں ، زبانی روایات، موسیقی، دستکاری اور علاقائی زبانیں معاشرے کی زندہ دلی اور روح کی تازگی کو برقرار رکھتی ہیں۔
ورثہ مقامی علم کا محافظ ہے،تیزی سے بدلتی دنیا میں یہ روایات تسلسل کی علامت ہیں۔
انہوںنے کہاکہ حکومت پاکستان ثقافتی ورثے کو قومی ترقی اور عالمی تعلقات میں اہم سمجھتی ہے،توجہ طلب ثقافتی ورثہ کی یونیسکو کی حفاظتی فہرست میں شمولیت کے لیے بھی کاوشیں جاری ہیں۔
انہوںنے کہاکہ حکومت ورثے کو دستاویزی شکل میں محفوظ بنانے کیلئے ڈیجیٹل ثقافتی پلیٹ فارمز کے قیام میں بھی سرمایہ کاری کر رہی ہے،یہ پلیٹ فارمز روایات کو محفوظ رکھیں گے اور انہیں عالمی سطح پر ثقافتی سفارتکاری، سیاحت کی ترقی اور نوجوان نسل کے ساتھ تعلقات کو بھی فروغ دیں گے۔
انہوںنے کہاکہ ثقافتی ورثہ کو ماحولیاتی تبدیلی اور روایتی علم کی کمی جیسے متعدد چیلنجز کا سامنا ہے،حکومت، کمیونٹیز، علمی ادارے اور سول سوسائٹی کی اجتماعی کوششوں سے اسکی نئی نسلوں تک باحفاظت منتقلی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
انہوںنے کہاکہ اہم دن پر میں تمام پاکستانیوں، بالخصوص نوجوان نسل سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے ثقافتی ورثے پر فخر کریں اور اس کے تحفظ اور فروغ میں فعال کردار ادا کریں۔انہوںنے کہاکہ ہمارا ورثہ ہماری قومی شناخت اور اتحاد کا ذریعہ ہے آئیے سب مل کرقومی انمول میراث کو محفوظ بنائیں۔
