Senior Advisor to the U.S. President for Arab and African Affairs, H.E. Mr. Massad Boulos calls on Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif, on the sidelines of the 5th Antalya Diplomacy Forum (ADF 2026) in Antalya, Türkiye. 17 April, 2026.
انطالبہ (جہا ن امروز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے امریکی صدر کے سینئر مشیر برائے عرب و افریقی امور مسعد بولوس نے ملاقات کی جس میں خطے کی موجودہ صورتحال سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق یہ ملاقات انطالیہ میں منعقدہ پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ہوئی ۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ اپنی خوشگوار اور دوستانہ ملاقاتوں کو یاد کیا۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کی جراتمندانہ اور فیصلہ کن قیادت کو سراہا، جس کے نتیجے میں گزشتہ سال پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے دہانے پر پہنچنے کی صورتحال میں جنگ بندی ممکن ہوئی۔
وزیراعظم نے لبنان میں جنگ بندی کے کامیاب اختتام میں بھی صدر ٹرمپ کی قیادت کو سراہا۔ دونوں رہنمائوں نے علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جس میں پاکستان کی امن کوششیں، جنگ بندی اور تاریخی اسلام آباد مذاکرات شامل تھے۔
وزیراعظم نے بلخصوص اقتصادی و تجارتی تعاون اور کثیرالجہتی سفارتکاری میں باہمی دلچسپی کے امور پر پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا، مسعد بولوس نے وزیراعظم کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں اور خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف اقدامات، اقتصادی ترقی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے سمیت مشترکہ ترجیحات پر پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے میں امریکہ کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔
