تہران (جہان امروز نیوز)ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ثالثی اور جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو موثر اور ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی وفد کی اسلام آباد مذاکرات میں میزبانی قابل قدر اور قابل تحسین ہے ۔
اپنے بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ ان کا ملک امن، استحکام اور خطے میں برادرانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی عوام کا وعدے توڑے جانے کی وجہ سے امریکا پر اعتماد نہیں اور زور دیا کہ عالمی قوانین اور اصولوں کے تحت ایرانی قوم کے حقوق برقرار رہنے چاہیں.
صدر پزشکیان نے کہا کہ امریکا اس تنازعے میں فاتح بن کر نہیں ابھرے گا، تنازعے سے خطے کے ممالک اور دنیا سنگین نقصانات اٹھائے گی۔
ایرانی صدر نے کہا کہ صیہونی رجیم اپنے عزائم کے تعاقب میں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلامی امہ کا اتحاد صیہونی رجیم کے عزائم پورے ہونے سے روکے گا۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ خطے کی سیکیورٹی خطے کے ممالک کو یقینی بنانا چاہیے۔
قبل ازیں ایرانی میڈیا کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران اور امریکا کو ایک معاہدے پر رضامند کرنے کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی صدر سے یہ ملاقات بہت اہم قرار دی جا رہی ہے۔
اس سے پہلے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جمعرات کو تہران میں مصروف دن گزارا۔
