گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں55.5 ملین ڈالر زیادہ رہی ‘ اعدادوشمار
لاہور( این این آئی)مالی سال 2026-27 کے پہلے دو ماہ کے دوران چین کی پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 176.2 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اگست میں چین سے خالص براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 113 ملین ڈالر رہی جو جولائی میں 63.2 ملین ڈالر تھی، ایک ماہ کے دوران 49.8 ملین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اگست میں چین سے آنے والی 113 ملین ڈالر کی خالص سرمایہ کاری پاکستان کی مجموعی سرمایہ کاری 315.9 ملین ڈالر کا تقریباً 35.8 فیصد رہی۔ اسی طرح مالی سال 2026-27 کے جولائی اور اگست کے دوران چین کی مجموعی خالص براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری176.2 ملین ڈالر رہی جو پاکستان کی مجموعی خالص براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 494.5 ملین ڈالر کا تقریباً 35.6 فیصد بنتی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026-27 کے پہلے دو ماہ میں چین کی خالص براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ریکارڈ کی گئی 120.7 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے مقابلے میں 55.5 ملین ڈالر زیادہ رہی جو تقریباً 46 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔جولائی اور اگست 2026 کے دوران چین سے مجموعی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 238 ملین ڈالر رہی جبکہ اسی مدت میں 61.8 ملین ڈالر کا سرمایہ ملک سے باہر گیا جس کے نتیجے میں خالص براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 176.2 ملین ڈالر رہی۔پاکستان میں مجموعی خالص براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری بھی مالی سال 2026-27 کے پہلے دو ماہ میں بڑھ کر 494.5 ملین ڈالر ہوگئی جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ 398.6 ملین ڈالر تھی، یوں مجموعی خالص براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 95.9 ملین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اس دوران پاکستان میں خالص براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے دیگر بڑے ذرائع میں کینیڈا 83.5 ملین ڈالر، متحدہ عرب امارات 58.1 ملین ڈالر اور ہانگ کانگ 43.5 ملین ڈالر کے ساتھ شامل رہے۔
Prev Post