ایرانی وزیر خارجہ کا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور اسحاق ڈار سے رابطہ
ایرانی وزیر خارجہ کا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور اسحاق ڈار سے رابطہ،خطے کی صورتحال اور جنگ بندی کے امور پر تبادلہ خیال
اسلا م آباد(جہان امروز نیوز)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سے ٹیلیفونک رابطے کر کے خطے کی صورتحال اور جنگ بندی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق عباس عراقچی نے پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے علیحدہ علیحدہ گفتگو کی۔
ایرانی خبرایجنسی نے بتایا کہ وزیر خارجہ عباس عراقچی نے گفتگو میں خطے کی صورتحال اور جنگ بندی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ٹیلیفون کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گفتگو میں دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ایران کے درمیان خطے کی صورتحال اور جنگ بندی پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد کی جانب سے امریکا ایران رابطوں میں جاری سفارتی کوششوں پر گفتگو کی گئی۔
اسحاق ڈار نے مسائل کے حل کیلئے مسلسل مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے فوری پیشرفت ناگزیرہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عباس عراقچی نے پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہا اور دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔خیال رہے کہ پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ پاکستان کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکا اور ایران سمیت مختلف ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

