نئی دہلی(جہان امروز نیوز ):بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتوار کو علی الصبح سوئس انٹرنیشنل ایئر لائنز کی ایک پرواز کے انجن میں آ تشزدگی کے باعث ٹیک آف روک دیا گیا ، حادثے میں کم از کم 6 مسافر زخمی ہو گئے۔
ایئرپورٹ حکام کے حوالے سے بتایا کہ واقعے کے بعد طیارے میں سوار تمام مسافروں کو فوری طور پر بحفاظت باہر نکال لیا گیا ۔حکام کے مطابق نئی دہلی سے زیورخ جانے والی پرواز کو مقامی وقت کے مطابق رات 1 بج کر 8 منٹ پر منسوخ کیا گیا۔
طیارے میں مجموعی طور پر 232 افراد سوار تھے جبکہ زخمی ہونے والے مسافروں کو بعد ازاں ایک نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق واقعے کے بعد مکمل ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔
سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ علی الصبح دہلی ایئرپورٹ پر سوئس انٹرنیشنل ایئر لائنز کی پرواز ایل ایکس 147 کے حوالے سے رن وے پر مکمل ایمرجنسی نافذ کی گئی۔
دی ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایئر لائن نے اپنے بیان میں کہا کہ متاثرہ طیارہ ایئربس A330 (HB-JHK) تھا۔ سوئس ایئر لائنز نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک ٹاسک فورس قائم کر دی ہے۔
بیان کے مطابق طیارے میں 228 مسافر اور 4 شیر خوار بچے سوار تھے۔ایئر لائن کے مطابق عملے نے ٹیک آف کو روک دیا اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد احتیاطی تدبیر کے طور پر طیارے کو خالی کرانے کا فیصلہ کیا۔
