مکہ مکرمہ(حج نیوز)پاکستان کے مختلف شہروں سے روٹ ٹو مکہ اور حج پروازوں کے ذریعے مزید 6ہزار 224عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے ، جس کے بعد ارض مقدس میں موجود پاکستانی عازمین کی مجموعی تعداد 90ہزار 976ہو گئی ہے،یہ تعداد پاکستان کے مجموعی سرکاری حج کوٹے کا 77فیصد ہے۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امورعمر بٹ کے مطابق اب تک پاکستان کے مختلف شہروں سے مدینہ منورہ کے لیے 164اور مکہ مکرمہ کے لیے 174پروازیں لینڈ کر چکی ہیں۔
سعودی عرب پہنچنے والے مجموعی عازمین میں سے 94فیصد مکہ مکرمہ جبکہ 6فیصد مدینہ منورہ میں قیام پذیر ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے اعداد و شمار کے مطابق عازمین حج کی خدمت، رہنمائی اور طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے 98فیصد خدام الحجاج، 93فیصد ایس ڈی ای ، ٹیکنیکل سٹاف اور 87فیصد میڈیکل اسٹاف نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
مسجد الحرام کے داخلی مقامات پر تعینات حرم گائیڈز نے اب تک 17ہزار 768عازمین حج کی رہنمائی کی ہے، جبکہ مدینہ منورہ میں 35ہزار 58عازمینِ حج کو صراط الجنہ کی زیارت کرائی گئی ہے۔
پاکستانی عازمین کو رہائش گاہوں سے حرم شریف تک عمرہ، عبادات اور نمازوں کی ادائیگی کے لیے لانے اور لے جانے والی ٹرانسپورٹ سروس کو مزید بہتر کر دیا گیا ہے۔
