کوئٹہ(کرائم رپورٹر)بلوچستان پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی فرائض کی ادائیگی کو یقینی بناتے ہوئے شہریوں کو پر امن اور جرائم سے پاک ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے متحرک ہے اس حوالے سے صوبہ بھر میں کوئٹہ سمیت 7 رینجز کے تمام اضلاع میں اشتہاری، مفرور اور مطلوب کے خلاف مہم جاری ہے۔
اشتہاری، مفرور و مطلوب اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرنے والے سرفہرست اضلاع کے پولیس اہلکاروں کو اعلی کارکردگی پر نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا جاتا ہے۔
ترجمان بلوچستان پولیس کے ایک پریس ریلیز کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر کی ہدایات کی روشنی میں خصوصی مہم کے تسلسل میں گزشتہ تین ہفتوں کے دوران بلوچستان پولیس نے صوبہ بھر میں مطلوب اور مفرور کے خلاف جاری آپریشن کے دوران 43 اشتہاری، 288 مفرور جبکہ مختلف جرائم میں مطلوب 556ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔
اغواء کاروں کے خلاف بروقت اور فوری کارروائی رکھنے کے نتیجے میں 13 مغوی کو بھی بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔اس کے علاوہ مختلف کارروائیوں میں 5مسروقہ گاڑیاں، 15موٹر سائیکلیں، 6 موبائل فونز برآمد کئے گئے۔
دفعہ 144 کے خلاف ورزی پر 9 گاڑیوں اور دفعہ 550 کی کاروائی میں 28 موٹر سائیکلوں کو قبضے میں لیا گیا۔انسداد منشیات مہم کے تحت 94 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 430.200 کلوگرام چرس، 203.253 کلوگرام آئس شیشہ ، 739 کلوگرام خشک بھنگ، 23.34 کلوگرام افیون۔210۔1 کلوگرام ہیروئن ، 45 بیئرکین اور 71 شراب کی بوتلیں اور 193 لیٹر کچی شراب برآمد کی گئی۔
اس کے علاوہ 7000لیٹر ڈیزل اور 1755 گاڑیوں سے کالے شیشے اتارے گئے۔کارروائی کے دوران9 پیکٹس گٹکا ، 150پیکٹ ایرانی سیگریٹ اور 7 ارب 88 کڑور روپے کی ایرانی کرنسی قبضے میں لی گئی۔
پریس ریلیز کے مطابق مہم کے دوران اس امر کو بھی یقینی بنایا جاتا ہے کہ جرائم پیشہ مطلوب اور اشتہاریوں کی ایک علاقے سے دوسرے علاقوں میں روپوشی کے تدارک کے لئے اقدامات کئے جائیں گئے۔
علاوہ ازیں گرفتار ہونے والے ملزمان کی صوبے کے تمام تھانوں میں مطلوب مقدمات کی چھان بین کے علاوہ ملک کے دیگر صوبوں میں بھی ا ن کے خلاف متوقع مقدمات کے حوالے سے بھی تینوں صوبوں کے پولیس حکام سے بھی رابطہ کر کے ریکارڈ کی مکمل چھان بین کی جاتی ہے۔جبکہ گرفتار ملزمان کے جرائم کے ریکارڈ کی جانچ کے لیے دیگر صوبوں کے ساتھ ڈیٹا کا تبادلہ بھی ہوتا ہے۔تاکہ جرائم پیشہ عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے میں ہر ممکن اقدامات کئے جا سکیں۔
