آزاد کشمیر کے عوام مسلم لیگ ن کے حق میں واضح فیصلہ دے چکے ہیں، امیر مقام
مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت تشکیل دے گی، سیاسی اختلافات اورعوامی شکایات کا حل احتجاج اور تصادم کے بجائے مذاکرات کے ذریعے نکالا جانا چاہیے،وفاقی وزیر کا انتخابی جلسے سے خطاب
اسلام آباد(بیورو چیف)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام اپنا واضح فیصلہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے حق میں دے چکے ہیں اور ان شا اللہ مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت تشکیل دے گی۔ہفتہ کوباغ میں 10 اگست کو ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن)کے ایک بڑے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نیپاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سیانتخابی دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ محض الزامات لگانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، پیپلز پارٹی کو عوام کے فیصلے کا احترام اور اس کا سیاسی تجزیہ کرنا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ انتخابی نتائج عوام کے مسلم لیگ (ن)کے صدر محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر اعتماد اور مسلم لیگ (ن)کی ترقیاتی و عوامی خدمت کی کارکردگی کا مظہر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام سیاسی شعور رکھتے ہیں اور وہ سیاسی جماعتوں کی ماضی کی کارکردگی، موجودہ طرز عمل اور مستقبل کے پروگراموں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا فیصلہ کرتے ہیں۔گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)وہاں حکومت بنانے کی پوزیشن میں تھی، تاہم پارٹی نے جمہوری روایات کا احترام کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کو حکومت بنانے کا موقع دیا کیونکہ اسے زیادہ ووٹ حاصل ہوئے تھے جبکہ مسلم لیگ (ن)کے ارکان نے بھی اس عمل کی حمایت کی۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سیاسی اختلافات اورعوامی شکایات کا حل احتجاج اور تصادم کے بجائے مذاکرات کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وہ اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ خان کشمیری عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔وفاقی وزیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن)نے آزاد کشمیر میں واضح پوزیشن حاصل کرلی ہے اور ان شا اللہ آئندہ حکومت تشکیل دے گی جبکہ باغ کے عوام 10 اگست کو ووٹ کے ذریعے پارٹی کے مینڈیٹ کو مزید مضبوط کریں گے۔انہوں نے ووٹرز پر زور دیا کہ وہ 10 اگست کو بڑی تعداد میں گھروں سے نکلیں اور مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں تاکہ باغ بھی آئندہ حکومت اور ترقیاتی عمل کا فعال حصہ بن سکے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی قیادت نے ہمیشہ آزاد کشمیر کی ترقی اور عوامی فلاح کو ترجیح دی ہے اور باغ و حویلی کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نواز شریف کو آزاد کشمیر کی ترقی سے خصوصی دلچسپی ہے، جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت کی کارکردگی اور پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے جاری ترقیاتی اقدامات نے بھی عوام کا اعتماد مسلم لیگ (ن)پر مزید مضبوط کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آئینی مدت پوری کرنے اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے پر یقین رکھتی ہے۔ کشمیری عوام نے ایک مرتبہ پھر اپنے ووٹ کے ذریعے جمہوریت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔انجینئر امیر مقام نے باغ کو شہدا اور غازیوں کی سرزمین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کے عوام کے درمیان موجود ہونا ان کے لیے باعث مسرت ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ باغ ضلع سے مسلم لیگ (ن)کے امیدوار کامیاب ہوں گے۔جلسے میں مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، پارٹی امیدوار مشتاق منہاس، سردار میر اکبر، نومنتخب اسمبلی ارکان، سینئر پارٹی رہنماں اور ہزاروں کارکنوں و حامیوں نے شرکت کی۔