پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا کے اتحاد کی جانب اہم پیش رفت ہے، مولانا فضل الرحمن
اسلامی دنیا کی مشترکہ دفاعی قوت ہمیشہ سے ہماری خواہش رہی ہے ، معاہدے میں دیگر اسلامی ممالک کو بھی شریک ہونا چاہیے ، بیان
اسلام آباد (بیورو رپوٹ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا کے اتحاد کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
اپنے بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ اسلامی دنیا کی مشترکہ دفاعی قوت ہمیشہ سے ہماری خواہش رہی ہے ،پاک سعودی اور ترکیہ دفاعی معاہدے میں دیگر اسلامی ممالک کو بھی شریک ہونا چاہئے ۔
انہوںنے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب مسلم امہ کی قیادت کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ اسلامی ممالک کے درمیان دفاعی معاہدہ جے یو آئی کے منشور اور نظریے کی عکاسی کرتا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ اسلامی بلاک کا قیام روزِ اول سے جے یو آئی کے منشور کا حصہ رہا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔انہوںنے کہاکہ پاک سعودی ترکیہ دفاعی معاہدہ اجتماعی سلامتی کا مضبوط ستون ثابت ہوگا۔انہوںنے کہاکہ یہ معاہدہ امت مسلمہ کے درمیان مطلوبہ اتحاد اور یکجہتی کی نمائندگی کرتا ہے۔
انہوںنے کہاکہ دفاعی معاہدہ اس امر کا ثبوت ہے کہ امت مسلمہ کے مفادات مشترک ہیں۔انہوںنے کہاکہ یہ معاہدہ اسلامی مقدسات کے وقار اور تحفظ کے عزم کی علامت ہے۔انہوںنے کہاکہ دفاعی معاہدہ اسلامی ممالک کے درمیان مزید قریبی تعاون کی راہ ہموار کرے گا۔انہوںنے کہاکہ یہ معاہدہ ملت اسلامیہ کی مضبوطی، یکجہتی اور اتحاد کے لیے اہم سنگِ میل ہے۔
انہوںنے کہاکہ سعودی عرب حرمین شریفین کی نگہبانی کے اعزاز کے باعث تمام مسلمانوں کے دلوں میں بلند مقام رکھتا ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستانی عوام حرمین شریفین کے دفاع کو عظیم اعزاز اور مقدس مذہبی فریضہ سمجھتے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ دعا ہے پاک سعودی ترکیہ دفاعی معاہدہ پوری امت مسلمہ کے عروج اور نشاِ ةثانیہ کا ذریعہ بنے۔انہوںنے کہاکہ جے یو آئی کی جانب سے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے سربراہان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔