jahaneimroz
Chief editor Faizullah Durrani

اقلیتیں معاشرے کا حسن، عزت اور تحفظ پر سمجھوتا نہیں ہوگا، مریم نواز

لاہور(نمائندہ لاہور)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ قائداعظم کا پاکستان سب کا وطن ہے، جہاں تمام شہری اپنے اپنے عقیدے کے مطابق محفوظ اور آزاد ہیں۔

اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے سرگرم تمام اقلیتی بہن بھائیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کی آزادی اور حقوق کے تحفظ کے لیے قائداعظم کے افکار پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ اقلیتیں پاکستانی معاشرے کا حسن اور سر کا تاج ہیں، ان کی عزت، ناموس، تحفظ اور ترقی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتی برادری کو تعلیم، ترقی اور فلاح و بہبود کا پورا حق دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں اقلیتی برادری کے لیے مینارٹی کارڈ متعارف کرایا گیا، جس کے ذریعے مستحق اقلیتی بہن بھائیوں کو سہ ماہی ساڑھے 10 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو پہلا سکھ میرج ایکٹ 2024 منظور کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہوا ہے، جس کے بعد آنند کارج کو قانونی حیثیت حاصل ہو چکی ہے، جبکہ طویل عرصے سے زیر التوا ہندو میرج ایکٹ 2017 کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

وزیراعلی کے مطابق پنجاب میں اقلیتی برادری کے لیے تعلیم، صحت اور روزگار تک آسان رسائی ممکن بنائی جا رہی ہے، رواں مالی سال اقلیتی برادری کے لیے ترقیاتی و غیر ترقیاتی بجٹ کے ساتھ مذہبی تہواروں کے لیے گرانٹ میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تاریخی گوردواروں، چرچز اور مندروں کی تعمیر و بحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ اقلیتی طلبہ کے لیے سکالرشپس اور یوحنا آباد میں لائیو کورسز بھی شروع کیے گئے ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں بیساکھی، ہولی، دیوالی، کرسمس اور ایسٹر اب سرکاری سطح پر بھرپور طریقے سے منائے جاتے ہیں، جبکہ صوبے میں اقلیتی کوٹہ سسٹم پر بھی من و عن عمل کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کی نہ صرف محافظ ہے بلکہ انہیں ہر میدان میں ان کا جائز حصہ دینے کے لیے بھی پرعزم ہے۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پنجاب تیزی سے ایسے معاشرے کی جانب بڑھ رہا ہے جہاں محبت اور رواداری اس کی پہچان بنیں گی، اقلیتیں پاکستان کے دلکش رنگ ہیں اور ان رنگوں کو کبھی ماند نہیں پڑنے دیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More