ہائی کورٹ میں کیسز کے لیے ون ونڈو آپریشن شروع، عدالتوں میں رش سے ججز پر دباو نہیں ڈالا جا سکتا، چیف جسٹس
کوئٹہ(کورٹ رپورٹر) چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس کامران ملاخیل نے بلوچستان ہائیکورٹ بار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیسز کے لیے ہائی کورٹ میں ون ونڈو آپریشن شروع کیا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر مقدمات کی تشہیر کے خلاف بھی حکم جاری کیا جائے گا۔
جسٹس کامران ملاخیل نے کہا کہ بلوچستان بار ایسوسی ایشن نے ہمیشہ روایات کی پاسداری کی ہے، نئے جوڈیشل افسران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وکلا کی تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے، تاہم قانون کے فارغ التحصیل طلبہ کو پڑھایا نہیں بلکہ صرف بنایا جا رہا ہے، وکلا تنظیموں کو اس جانب توجہ دینا ہوگی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ قانون کے کالجوں کے طریقہ کار کو جانچنے کی ضرورت ہے تاکہ معیاری قانونی تعلیم کو یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ بلوچستان ہائیکورٹ میں ویڈیو لنک کی سہولت فراہم کردی گئی ہے، جس سے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے سائلین اور وکلا مستفید ہوسکیں گے۔ ویڈیو لنک سہولت سے وقت اور اخراجات کی بھی بچت ہوگی۔
جسٹس کامران ملاخیل نے کہا کہ عدالتوں کے احاطے میں غیر ضروری رش نہ کیا جائے، رش کے ذریعے ججز کو دبا میں نہیں لایا جاسکتا۔
ہمیں اپنے ساتھ عوام اور سائلین کے تحفظ کا بھی احساس ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں کی سیکیورٹی دن میں کئی بار چیک کی جاتی ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جلد کوئٹہ کا دورہ کریں گے۔