بلوچستان پولیس کا خود احتسابی کا عمل سخت، 6 ماہ کے دوران 6 اہلکار ملازمت سے فارغ
شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی 615 میں سے 562 شکایات پر کارروائی مکمل، اختیارات سے تجاوز اور بدعنوانی پر سزائیں
کوئٹہ(ویب نیوز)بلوچستان پولیس کے خود احتسابی بیورو نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران محکمہ پولیس میں بدعنوانی اور اختیارات سے تجاوز سمیت مختلف شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے 6 اہلکاروں کو ملازمت سے فارغ کر دیا، جبکہ 3 اہلکاروں کو جبری ریٹائر اور دیگر 3 کو نوکری سے برطرف کیا گیا ہے۔
پولیس کے خود احتسابی بیورو کے اعلامیے کے مطابق گزشتہ 6 ماہ کے دوران شہریوں کی جانب سے مجموعی طور پر 615 شکایات درج کرائی گئیں، جن میں سے 562 شکایات پر کارروائی مکمل کرکے کیسز نمٹا دیے گئے۔ اس دوران 6 اہلکاروں کی سروس ضبط کرنے جبکہ 4 کیسز میں مختلف نوعیت کی سزاں کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔اعلامیے کے مطابق 112 شکایات بے بنیاد ثابت ہونے پر فائل کردی گئیں، جبکہ موصول ہونے والی شکایات میں اختیارات سے تجاوز کی 95، بدعنوانی کی 24، ہراسگی کی 25 اور ایف آئی آر درج نہ کرنے سے متعلق 27 شکایات شامل تھیں۔
ذرائع کے مطابق شہریوں کی جانب سے پولیس کو موصول ہونے والی 371 شکایات باہمی تنازعات سے متعلق تھیں، جن میں خاندانی، رقم اور زمین کے تنازعات نمایاں تھے۔پولیس حکام کے مطابق خود احتسابی کے عمل کا مقصد محکمہ پولیس میں نظم و ضبط، شفافیت اور عوامی شکایات کے ازالے کو یقینی بنانا ہے۔