مجھے اپنے خاندان کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا پسند نہیں اور گھر والے بھی نجی زندگی کو ترجیح دیتے ہیں،اداکار
کراچی (این این آئی)پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے اداکار سیف علی خان کا کہنا ہے کہ میری مصروفیت کی وجہ سے اہلیہ ناراض لیکن کامیابی پر خوش بھی ہوتی ہیں۔سیف علی خان حال ہی میں ایک شو میں بطور مہمان شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنے شوبز کیریئر، اہلیہ کے ردِعمل، مداحوں اور بڑھتی ہوئی مقبولیت کے بارے میں گفتگو کی۔اداکار نے بتایا کہ جب میں نے ایک ریئلٹی شو میں شرکت کی تو میری شادی کو صرف 4 ماہ ہوئے تھے، اس کے بعد مجھے کیریئر میں تیزی سے ترقی ملی اور شوٹنگ کے سلسلے میں اکثر سفر کرنا پڑتا ہے۔سیف علی خان کے مطابق اہلیہ کے لیے بھی یہ صورتِ حال ایک نئے تجربے کے طور پر سامنے آئی، تاہم اب وہ میری نئی مصروف زندگی کے ساتھ اچھی طرح مطابقت پیدا کر چکی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ابتدا میں اہلیہ اس بات پر قدرے ناراض تھیں کہ میں بہت زیادہ مصروف رہتا ہوں، تاہم وہ میری کامیابی پر خوش بھی ہیں۔سیف علی خان نے مزید کہا کہ لوگ میری شادی کے حوالے سے بے بنیاد افواہیں پھیلاتے رہتے ہیں، مجھے اپنے خاندان کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا پسند نہیں اور گھر والے بھی نجی زندگی کو ترجیح دیتے ہیں، اسی لیے میں اہلیہ کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ نہیں کرتا اور وہ بھی اس میں دلچسپی نہیں رکھتیں۔اداکار نے یہ بھی کہا کہ میں جانتا ہوں کہ اپنے خاندان کی تصاویر شیئر کر کے سوشل میڈیا پر زیادہ لائیکس حاصل کیے جا سکتے ہیں، تاہم اس وقت میری توجہ اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات پر ہے۔