jahaneimroz
Chief editor Faizullah Durrani

جموں و کشمیر نہ کبھی بھارت کا اٹوٹ انگ تھا، نہ ہے اور نہ ہوگا، پاکستان

بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گرد گروہوں کی معاونت اور مالی سرپرستی کر رہا ہے،اقوام متحدہ میں پاکستان کے فرسٹ سیکرٹری سرفراز احمد کا بھارتی نمائندے کو دوٹوک جواب

نیویارک(اے ایف بی)اقوام متحدہ میں پاکستان کے فرسٹ سیکرٹری سرفراز احمد نے دوٹوک کہا ہے کہ جموں و کشمیرنہ کبھی بھارت کا اٹوٹ انگ تھا، نہ ہے اورنہ ہوگا۔اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی میں بھارتی نمائندے کے بیان پر حق جواب استعمال کرتے ہوئے فرسٹ سیکرٹری سرفراز احمد نے کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کا داخلی معاملہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے، کشمیریوں کے حق خودارادیت کی ضمانت سلامتی کونسل کی قراردادوں میں موجود ہے۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بھارت قراردادوں پر عمل درآمد سے انکار کر کے بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے،بھارت میں مذہبی اقلیتوں کیخلاف امتیازی سلوک اور تشدد منظم شکل اختیار کرچکا ہے۔ بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گرد گروہوں کی معاونت اور مالی سرپرستی کر رہا ہے۔ پاکستان مذاکرات، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کیلئے پرعزم ہے۔ دریں اثنا اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا ہے کہ غزہ میں شہریوں کا تحفظ، بلا رکاوٹ انسانی امداد اور عالمی قانون کی پاسداری یقینی بنائی جائے۔اپنے ایک بیان میں عثمان جدون نے کہا کہ انسانی حقوق کے نظام کی ساکھ اصولوں اور عملدرآمد کے درمیان خلیج ختم کرنے سے جڑی ہے، عالمی قانون اور انسانی حقوق کے اصول ایک جگہ لاگو اور دوسری جگہ نظر انداز کرنا قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں فلسطینیوں کی مصیبت عالمی برادری کے انسانی حقوق سے عزم کا فیصلہ کن امتحان ہے، فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا اعادہ کرتے ہیں، حق خودارادیت کا اصول جموں و کشمیر کے عوام پر بھی لاگو ہوتا ہے۔عثمان جدون کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام تقریبا 8 دہائیوں سے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کے منتظر ہیں، سلاموفوبیا، نسل پرستی اور اجنبی بیزاری کے بڑھتے رجحانات کا مقابلہ کرنا ہوگا، انسانی وقار کا انحصار کسی شخص کے مذہب، قومیت یا شناخت پر نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو انسانی حقوق سے متعلق وعدوں اور زمینی حقائق کے درمیان خلیج ختم کرنا ہوگی، وقار کا تعین طاقت سے نہیں، انصاف سیاست سے مشروط نہیں اور ترقی کوئی مراعات نہیں، انسانی حقوق کے اصولوں کا عالمگیر اور بلا امتیاز اطلاق یقینی بنایا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More