پنجگور,مستونگ(سٹاف رپورٹر+نمائندی خصوصی )بلوچستان کے اضلاع پنجگور اور مستونگ میں دہشت گردی کے دو الگ الگ واقعات میں تین افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے، جبکہ قومی شاہراہ پر پل کو نقصان پہنچایا گیا۔

پنجگور کے علاقے گوارگو فتح علی میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ پانچ افراد شدید زخمی ہوئے۔

زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، تاہم تاحال مقتولین کی شناخت نہیں ہو سکی۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب، کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ پر مستونگ کے علاقے جدید آباد میں نامعلوم شرپسندوں نے پل کے نیچے نصب دھماکہ خیز مواد سے دھماکہ کر دیا۔

پولیس کے مطابق دھماکے سے پل کے کچھ حصے کو نقصان پہنچا ہے، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واقعے کے بعد قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی معطل کر دی گئی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ روڈ کی مکمل کلیئرنس کے بعد ٹریفک بحال کر دی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *