چمن (نمائندہ خصوصی )سرحدی شہر چمن کے مصروف ترین علاقے مال روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے لیویز اہلکار عزیز اللہ عرف مرشد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق عزیز اللہ کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ مال روڈ پر موجود تھے، مسلح ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کے فورا بعد زخمی اہلکار کو تشویشناک حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں طبی امداد فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
لیویز اہلکار کے جاں بحق ہونے کی خبر ملتے ہی پولیس اور لیویز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
