کوئٹہ(سٹاف رپورٹر )صوبائی دارالحکومت کے علاقے سریاب روڈ پر آوارہ کتوں نے نوچ کر 8 سالہ معصوم بچے کی جان لے لی، جس کے بعد شہر بھر میں شدید غم و غصہ اور خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گھر کے قریب موجود بچے پر اچانک 10 سے زائد آوارہ کتوں نے حملہ کر دیا اور اسے بری طرح نوچ ڈالا۔
اہل علاقہ نے موقع پر پہنچ کر بچے کو کتوں کے چنگل سے چھڑا کر تشویشناک حالت میں سول ہسپتال منتقل کیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
شہریوں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سریاب روڈ، سیٹلائٹ ٹان اور دیگر علاقوں میں آوارہ کتوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، لیکن انتظامیہ کتا مار مہم چلانے میں مکمل ناکام نظر آتی ہے۔
عوامی حلقوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ غفلت برتنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اور رہائشی علاقوں میں شہریوں، خصوصا بچوں کے تحفظ کے لیے فوری طور پر ہنگامی آپریشن شروع کیا جائے تاکہ مزید قیمتی جانیں ضائع نہ ہوں۔
