کچلاک بائی پاس پر ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈاون، متعدد موٹر سائیکلیں تحویل میں لے لی گئیں
کوئٹہ(جہان امروز نیوز)کچلاک بائی پاس پر عوامی شکایات کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاون کرتے ہوئے متعدد موٹر سائیکلیں تحویل میں لے لیں اور جرمانے عائد کیے۔
یہ کارروائی ایس پی ٹریفک صدر سرکل عاصم شاہ، ایس ایچ او نیو کچلاک عبدالحئی گرانی اور اے ایس آئی صغیر احمد کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کے دوران خطرناک کرتب دکھانے والے نوجوانوں کو روک کر ان کے خلاف چالان اور دیگر قانونی ضابطے پورے کیے گئے۔
ایس پی ٹریفک عاصم شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ون ویلنگ نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ سڑک پر چلنے والے دیگر شہریوں اور خود نوجوانوں کی زندگی کے لیے بھی انتہائی خطرناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ایسی سرگرمیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
علاقہ مکینوں نے پولیس کے اس بروقت اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بائی پاس پر مستقل بنیادوں پر نگرانی کی جائے تاکہ حادثات کی روک تھام اور قیمتی جانوں کا ضیاع ممکن نہ ہو سکے۔


