انڈیاناپولس (انٹرنیشنل نیوز)انڈیانا خالصتان ریفرنڈم میں سکھوں نے شملہ کو خالصتان کا دارالحکومت قرار دینے کا اعلان کردیا۔
امریکی ریاست انڈیانا پولس میں خالصتان پنجاب آزادی ریفرنڈم کے موقع پرگرپتونت سنگھ پنوں نے شملہ کو ڈیموکریٹک ریپبلک آف خالصتان کا دارالحکومت قراردیا،ریفرنڈم کے اختتام پرگرپتونت سنگھ پنوں سے ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے خالصتان کا نقشہ جاری کرتے ہوئے کہاکہ سکھ فارجسٹس خالصتان کے قیام کے لیے پرامن اوربیلٹ کے ذریعے جمہوری عمل کے لیے پرعزم ہے،سکھوں کو اپنے مذہب اورخاندان کے دفاع کا قانونی حق حاصل ہےـ
انہوں نے نئی دہلی پر پنجاب کے خلاف تین محاذوں پر جنگ کی حکمت عملی اپنانے کا الزام بھی عائد کیا، پنون کے مطابق اس میں منشیات کی جنگ،قرضوں کی جنگ اور آبادیاتی جنگ شامل ہیں،سکھ فار جسٹس کے مطابق خالصتان ریفرنڈم کے اگلے مرحلے میں اٹھارہ اکتوبرکو کینیڈا کے صوبے البرٹا میں ووٹنگ ہوگی۔
پنون نے دعوی کیا کہ منشیات کے ذریعے پنجاب کے نوجوانوں کو تباہ کیا جا رہا ہے، جبکہ زرعی قرضوں اور مالی مشکلات کے باعث سکھ کسان خودکشیوں پر مجبور ہو رہے ہیں،تقریب میں پنون نے ہردیپ سنگھ نجر، تلوِندر سنگھ پرمار اور لکھ بیر سنگھ روڈے کی یاد کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔