تہران /واشنگٹن (جہان امروز نیوز)ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کردیا جس کے بعد تجارتی جہازوں کی آمد و رفت بحال کردی گئی۔
اپنے بیان میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے تمام تجارتی جہازوں کی آمد و رفت کو جنگ بندی کی باقی مدت کے لیے مکمل طور پر کھلا قرار دیا گیا ہے۔
عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ لبنان میں جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز سیزفائر کی مدت کے دوران تجارتی بحری جہازوں کے لیے کھلی رہے گی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کمرشل شپنگ کے لیے مکمل طور پر کھول دی گئی، جنگ بندی کے دوران جہازوں کی آمد و رفت جاری رہے گی،ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو ایرانی پورٹ اور میر ی ٹائم آرگنائزیشن کے طے کردہ راستوں سے گزرنا ہوگا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایرانی وزیر خارجہ کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایران کا شکریہ ادا کیا۔سوشل میڈیا پر انھوں نے لکھا کہ ایران نے ابھی اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی ہے اور مکمل آمدورفت کے لیے تیار ہے۔ شکریہ!
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹروتھ سوشل پر ایک اور فالو اپ پوسٹ سامنے آئی، جس میں انھوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی ہے اور کاروبار کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے لکھا کہ لیکن ایران کے حوالے سے بحری ناکہ بندی پوری طاقت اور موثر انداز میں برقرار رہے گی، اور یہ اسی وقت تک جاری رہے گی جب تک ایران کے ساتھ ہمارا لین دین 100 فیصد مکمل نہیں ہو جاتا۔
امریکی صدر نے کہا کہ یہ عمل بہت تیزی سے مکمل ہونا چاہیے کیونکہ زیادہ تر نکات پہلے ہی طے پا چکے ہیں۔
اس معاملے پر توجہ دینے کا شکریہ!۔ایک اور ٹروتھ سوشل کی پوسٹ میں ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکا ہمارے عظیم B-2 بمبار طیاروں کے ذریعے پیدا ہونے والی تمام (نیوکلئیر ڈسٹ)حاصل کرے گا۔
اس معاہدے میں کسی بھی صورت، شکل یا طریقے سے کوئی رقم کا لین دین نہیں ہوگا۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ معاہدہ کسی بھی طور پر لبنان سے مشروط نہیں ہے تاہم امریکا علیحدہ طور پر لبنان کے ساتھ کام کرے گا اور حزب اللہ کے معاملے کو مناسب انداز میں نمٹائے گا۔
