یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس آج پاکستان پہنچیں گے اعلی قیادت سے ملاقاتیں کرینگے
انتونیو گوتریس نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا دورہ کرینگے،سیلاب کے بعد آفات سے نمٹنے کی تیاری کا خود مشاہدہ کریں گے
اسلام آباد(اے ایف بی)اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اہم دورے پر آج (منگل کو) پاکستان پہنچیں گے۔اپنے دورہ پاکستان کے دوران اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل اسلام آباد میں اعلی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور صدر مملکت آصف علی زرداری شامل ہیں۔اس مرتبہ بھی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا دورہ کریں گے جہاں وہ سیلاب کے بعد آفات سے نمٹنے کی تیاری کا خود مشاہدہ کریں گے۔2022 میں پاکستان کو شدید سیلاب کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔اسلام آباد میں انتونیو گوتریس اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ ان انڈیا اینڈ پاکستان کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کریں گے۔یو این ایم او جی آئی پی بھارت اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کا مشن ہے۔