لاہور(جہان امروز نیوز)دوسرے ایلیمینیٹر میں حیدرآباد کنگزمین کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو 2رنز سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ 11کے فائنل میں پہنچ گئی، میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا ،حنین شاہ نے آخری اوور میں نپی تلی بالنگ کرتے ہوئے صرف3رنز دیئے اور ایک کھلاڑی کو آئوٹ کر کے اپنی ٹیم کا میچ جتوا نے میں کلیدی کردار ادا کیا
حیدرآباد کنگزمین اور پشاور زلمی کے مابین فائنل میچ(کل)3مئی بروز اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا ۔ حیدرآباد کنگزمین اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ایلیمینیٹرقذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا ،اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔
حیدرآباد کنگزمین نے مقررہ 20اووروں میں 5وکٹوں کے نقصان پر186رنز بنائے۔ حیدرآباد کی پہلی وکٹ پہلے ہی اوور میں گر گئی جب معاذ صداقت بغیر کھاتہ کھولے رچرڈ گلیسن کی گیند پر سلمان مرزا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے، کپتان مارنس لیبوشگن 39، صائم ایوب 38، کوسل پریرا37 اور گلین میکسویل3 رنز بناکر آئوٹ ہوئے ، عثمان خان 30 گیندوں پر 61 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے ۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب عماد وسیم نے 2، رچرڈ گلیسن، کرس گرین اور فہیم اشرف نے ایک ،ایک کھلاڑی کو میدان بدر کیا۔ 187
رنز کے ہدف کے حصول کے لیے بعد میں بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ مقررہ 20 اووروں میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنا سکی،مارک چیپ مین43، حیدر علی 31، ڈیون کونوے30، شاداب خان 22، فہیم اشرف 19، سمیر منہاس6، محسن ریاض5رنز بنا کر آئوٹ ہوئے،کرس گرین نے 21 اور عماد وسیم ایک سکور بنا کر ناٹ آئوٹ رہے ۔ حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے حنین شاہ اور محمد علی نے 2،2، عاکف جاوید، حسن خان اور صائم ایوب نے ایک ،ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔
