11ماہ میں 142واقعات ریکارڈ ،30 صحافیوں پر پیکا ،پی پی سی کے تحت 36مقدمات درج
اسلام آباد (بیورونیوز)پاکستان میں صحافیوں کے خلاف واقعات میں ایک سال میں 60فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
فریڈم نیٹ ورک کی اسلام آباد سے رپورٹ کے مطابق11ماہ میں 142واقعات ریکارڈ کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق آزادی صحافت کے لیے ماحول بدتر ہوتا جا رہا ہے، صحافیوں پر حملے، مقدمات، ہراساں اور سنسرشپ میں اضافہ ہوا ہے۔
فریڈم نیٹ ورک رپورٹ کے مطابق 30 صحافیوں پر پیکا اور پی پی سی کے تحت 36مقدمات درج ہوئے، صحافیوں کے خلاف زیادہ تر مقدمات پنجاب میں درج ہوئے، پیکا ترامیم پر انسانی حقوق تنظیموں نے اظہار تشویش کیا۔
رپورٹ کے مطابق حکومت پیکا کے غلط استعمال کی تردید کرتی رہی، تنقیدی آوازوں کے خلاف قانونی فریم ورک کا استعمال بڑھ گیا۔
رپورٹ کے مطابق عام انتخابات 2024ء کے بعد صحافت مزید غیر محفوظ قرار دیدی گئی، پنجاب اور اسلام آباد صحافیوں کیلئے خطرناک ترین علاقے قرار دیئے گئے ہیں، صحافیوں کیخلاف 28فیصد واقعات پنجاب اور اسلام آباد میں رپورٹ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق ٹی وی چینلز کے صحافی سب سے زیادہ نشانہ بنے، پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا کے صحافی بھی زد میں آئے۔
