لاہور(سپورٹس نیوز)نیوزی لینڈ کے وائٹ بال کپتان مچل سینٹنر کندھے کی انجری کے باعث کم از کم ایک ماہ کیلئے کرکٹ سے باہر ہو گئے
۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق آئی پی ایل 2026میں ممبئی انڈینز کی نمائندگی کرنے والے سینٹنر کے بائیں کندھے کے سکین میں گریڈ تھری اے سی ایل انجری کی تصدیق ہوئی ہے۔
نیوزی لینڈ کے 34سالہ آل راؤنڈر 23اپریل کو چنئی سپر کنگز کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہوئے تھے۔ وہ اس میچ میں اپنے 4اوورز مکمل کرانے میں کامیاب رہے مگر بیٹنگ کیلئے میدان میں نہیں آئے تھے۔نیوزی لینڈ کرکٹ نے کہا کہ مچل سینٹنر کو وطن واپس پہنچنے کے بعد اسپیشلسٹ نے ایک ماہ ری ہیب اور آرام کرنے کا کہا ہے
۔واضح رہے کہ انجری کے باعث سینٹنر آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ اور انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں، جبکہ باقی 2 ٹیسٹ میچز کے لیے ان کی دستیابی کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔توقع ہے کہ مچل سینٹنر جولائی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز تک مکمل فٹ ہو کر نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت سنبھال لیں گے۔نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ جلد ہی آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان کرے گا، جہاں سینٹنر کی جگہ کسی نئے کھلاڑی کو موقع دیے جانے کا امکان ہے۔
