بلوچستان میں گندم کے بحران کا خطرہ، سرکاری گودام خالی، ایک بوری بھی موجود نہیں
5 لاکھ بوریاں خریدنے کی منظوری، محکمہ خزانہ سے فنڈز تاحال جاری نہ ہوسکے، گندم کی خریداری و ترسیل میں ایک ماہ لگے گا
کوئٹہ(ویب نیوز)بلوچستان میں گندم کے بحران کا خطرہ منڈلانے لگا ہے، محکمہ اجناس کے مطابق صوبائی حکومت کے سرکاری گوداموں میں اس وقت گندم کی ایک بوری بھی موجود نہیں۔محکمہ اجناس کے مطابق بلوچستان حکومت نے 5 لاکھ بوری گندم کی خریداری کی منظوری دے دی ہے، تاہم منظوری کے باوجود محکمہ خزانہ کی جانب سے تاحال مطلوبہ فنڈز جاری نہیں کیے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فنڈز دستیاب ہوتے ہی پاکستان ایگریکلچر اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن سے گندم کی خریداری کو حتمی شکل دی جائے گی۔ تاہم گندم کی خریداری کے بعد اسے مقامی سرکاری گوداموں تک پہنچانے میں تقریبا ایک ماہ کا وقت درکار ہوگا۔حکام کے مطابق گندم کے ذخائر کی عدم دستیابی کے باعث بروقت خریداری اور ترسیل ضروری ہے تاکہ صوبے میں ممکنہ گندم اور آٹے کے بحران سے بچا جاسکے۔