jahaneimroz
Chief editor Faizullah Durrani

پاکستان میں آئی ٹی اور اے آئی کا شعبہ معیشت کا اہم ستون بننے لگا

ڈیجیٹل برآمدات، فری لانسنگ اور اے آئی سے معاشی ترقی کے نئے امکانات پیدا ہونے لگے
لاہور( این این آئی)پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل سروسز اور مصنوعی ذہانت کا شعبہ تیزی سے ملکی معیشت میں اہم کردار اختیار کر رہا ہے، آئی ٹی برآمدات، فری لانسنگ، ڈیجیٹل سروسز اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے پاکستان کے لیے عالمی مارکیٹ میں مزید مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔حکام کے مطابق ٹیکنالوجی کا شعبہ تجارتی توازن بہتر بنانے، غیر ملکی زرمبادلہ کے حصول، ٹیکس نیٹ میں وسعت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ مصنوعی ذہانت کے بڑھتے استعمال کے پیش نظر پاکستان میں مقامی ضروریات، زبانوں اور ڈیٹا کو مدنظر رکھتے ہوئے اے آئی سلوشنز تیار کرنے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ماہرین کے مطابق پاکستان کو صرف غیر ملکی ٹیکنالوجی کے صارف کے بجائے مقامی سافٹ ویئر، اے آئی سلوشنز اور ڈیجیٹل مصنوعات تیار کرکے عالمی منڈی تک رسائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت، جدید کمپیوٹنگ انفراسٹرکچر، ڈیٹا سینٹرز اور تحقیق کے شعبے میں سرمایہ کاری اہم ہوگی۔وفاقی وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے مطابق حکومت ڈیجیٹل تبدیلی، ٹیکنالوجی انفراسٹرکچر اور نوجوانوں کی ہنرمندی کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ حالیہ عرصے میں ہواوے کے قومی سطح کے اسپئیر پارٹس ریپئر سینٹر کا افتتاح، سیمی کنڈکٹر کلسٹر کے فریم ورک پر پیش رفت اور پاکستان میں گوگل کے پہلے دفتر کا قیام ٹیکنالوجی کے شعبے میں اہم اقدامات کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ماہرین کے مطابق اے آئی، سائبر سکیورٹی ، کلاڈ کمپیوٹنگ، سیمی کنڈکٹرز، روبوٹکس اور ڈیجیٹل سروسز میں نوجوانوں کی مہارت بڑھا کر پاکستان عالمی ٹیکنالوجی ویلیو چین میں اپنی پوزیشن مزید بہتر بنا سکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More