jahaneimroz
Chief editor Faizullah Durrani

ملکی ترقی کے لیے خواتین کو قومی معیشت کا فعال حصہ بنانا ناگزیر ہے’ مدثر مسعود چوہدری

خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنے کیلئے مزید موثر اقدامات کی ضرورت ہے’ سینئر رکن پیاف انجم نثار گروپ
لاہور( این این آئی)پاکستان انڈسٹری اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ (پیاف )انجم نثار گروپ کے رکن و سابقہ ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مدثر مسعود چوہدری نے پاکستان میں خواتین کی معاشی، تعلیمی اور سیاسی شمولیت میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لیے خواتین کو قومی معیشت کا فعال حصہ بنانا ناگزیر ہے،عالمی صنفی فرق میں پاکستان کی درجہ بندی اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے مزید موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ صنفی مساوات کے مجموعی اسکور میں بہتری خوش آئند ہے تاہم اسے منزل کے بجائے اصلاحات کے تسلسل کا آغاز سمجھنا چاہیے۔خواتین کی کم افرادی قوت میں شرکت ملکی پیداواری صلاحیت اور معاشی ترقی کے امکانات کو متاثر کر رہی ہے۔خواتین کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مساوی مواقع فراہم کرکے معیشت میں ان کا کردار نمایاں طور پر بڑھایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی شرح خواندگی میں اضافے کے ساتھ انہیں اعلی تعلیم اور فنی تربیت تک زیادہ سے زیادہ رسائی دینا بھی ضروری ہے۔کاروباری خواتین کے لیے آسان قرضوں، مالیاتی سہولیات اور مارکیٹ تک رسائی کے مواقع بڑھائے جائیں۔خواتین کے لیے محفوظ اور سازگار کام کی جگہیں، بہتر سفری سہولیات اور پیشہ ورانہ ماحول بھی معاشی شمولیت کے لیے اہم ہیں۔انہوںنے کہا کہ فیصلہ سازی اور انتظامی عہدوں پر خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لیے اداروں میں میرٹ کی بنیاد پر مساوی مواقع یقینی بنائے جائیں۔خواتین کے قانونی اور معاشی حقوق کے موثر نفاذ سے انہیں بااختیار بنانے کا عمل مزید مضبوط ہوگا۔مدثر مسعود چوہدری نے حکومت، نجی شعبے اور کاروباری اداروں پر زور دیا کہ خواتین کو قومی معیشت میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں۔خواتین کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرکے پاکستان نہ صرف معاشی سرگرمیوں کو وسعت دے سکتا ہے بلکہ روزگار اور برآمدات میں بھی بہتری لا سکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More