پنجاب کبڈی ٹیم کے اوپن ٹرائلز یکم اکتوبر کو ہوں گے
منتخب کھلاڑی 28 اور 29 نومبر کو نیوزی لینڈ میں ہونے والے بین الاقوامی کبڈی ایونٹ میں شرکت کریں گے
لاہور (این این آئی) اسپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے باہمی تعاون سے پنجاب کبڈی ٹیم کے اوپن ٹرائلز یکم اکتوبر بروز جمعرات پنجاب اسٹیڈیم میں منعقدہوںگے۔اوپن ٹرائلز میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پنجاب اسٹیڈیم میں لگایا جائے گا، جہاں کھلاڑی نیوزی لینڈ میں 28 اور 29 نومبر 2026 کو منعقد ہونے والے بین الاقوامی کبڈی ایونٹ کی تیاری کریں گے۔پنجاب کبڈی ٹیم کے اوپن ٹرائلز کی نگرانی کے لیے سلیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں طاہر وحید جٹ، خواجہ اختر عباس، چوہدری شہباز احمد رندھاوا، سابق کپتانوں مشرف جاوید جنجوعہ، محمد عرفان مانا اور راجہ ممتاز حسین عارف شامل ہیں۔سلیکشن کمیٹی اوپن ٹرائلز کے دوران کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا جائزہ لے کر قومی و بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کے لیے موزوں کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی۔